ممبئی: بھارتی کامیڈین کپل شرما کو 30 کروڑ کے جھٹکے نے دوبارہ ڈپریشن میں مبتلا کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے فلم کے اسپانسرز کو فلم کی کامیابی کا یقین دلایا تھا لیکن اس کی ناکامی اور کروڑوں کے جھٹکے نے ایک بار پھر کپل کو ڈپریشن کا مریض بنا دیا ہے۔
ایک بڑے بھارتی ٹی وی چینل نے کپل شرما کو اپنے ٹی وی پروگرام میں مدعو کیا تھا جس کے لیے انہوں نے پروموز بھی بنوادیے تھے لیکن عین وقت پر کپل نے ڈپریشن کے باعث پروگرام میں شرکت سے انکار کردیا جس پر ٹی وی چینل کو بھی حاضرین و ناظرین سے معافی مانگنی پڑی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما شدید ڈپریشن کا شکار ہیں اور لوگوں سے ملنے سے بھی کترانے لگے ہیں جس کے بعد ان کے فیملی اور معالج انہیں اس حالت سے باہر لانے کے لیے سرگرم ہیں۔یاد رہے کہ ’دی کپل شرما شو‘ کی گرتی ٹی آر پی ریٹنگ کے باعث کپل کو ڈپریشن کا مرض لاحق ہوگیا تھا اور اسی وجہ سے کئی سپر اسٹارز اپنی فلموں کی تشہیر کیے بغیر شو کے سیٹ سے واپس جاچکے ہیں جن میں شاہ رخ خان، انیل کپور اور ارجن کپور شامل ہیں۔