سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کر دیا گیا

02:01 PM, 8 Dec, 2017

اسلام آباد: متحدہ عرب امارت حکام نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کےمرکزی ملزم حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا ہے، ملزم کو خفیہ ادارے کے سپرد کیا گیا اور اسے پاکستان لایا جاچکا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے  حماد صدیقی کی حوالگی باہمی انٹیلی جنس تعاون کا نتیجہ ہے اور اس میں نارمل چینلز کو استعمال نہیں کیا گیا بلکہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی حوالگی کی طرز پر ہی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے  بلدیہ فیکٹری کیس میں حماد صدیقی کے انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے بعد وزارت داخلہ نے ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کیے تھے جب کہ ایم کیوایم نے 2013 میں حماد صدیقی کو تنظیم سے خارج کردیا تھا۔اس سے قبل بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ایک اور ملزم رحمان عرف بھولا کو  انٹرپول کی مدد سے بنکاک سے گرفتار کیا گیا تھا اوراپنے اعترافی بیان میں عبدالرحمان عرف بھولا کا کہنا تھا کہ اُس نے حماد صدیقی کے کہنے پر فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔

واضح رہے کراچی میں بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکٹری میں 2012 میں آتشزدی کا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں 250 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جس کے بعد کیس کی تفتیش کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے خطرناک انکشافات کیے تھے۔

مزیدخبریں