امریکی اقدام کیخلاف مظاہرے، اسرائیلی شیلنگ سے 50 سے زائد فلسطینی زخمی

09:56 AM, 8 Dec, 2017

یروشلم: غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقبوضہ دارالحکومت کی حیثیت تبدیل کرنے کے امریکی اعلان کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حالات کشیدہ ہونے لگے۔ اسرائیلی طیاروں اور ٹینکوں نے غزہ کی پٹی پر بمباری کر کے مختلف سیکیورٹی پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ غزہ سے جنوبی اسرائیل پر راکٹ داغے گئے تھے۔ گزشتہ روز دن بھر فلسطین میں مظاہروں اور اسرائیلی فورسز سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔

غزہ میں مظاہرین نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر باڑ پر تعینات اسرائیلی فوجیوں پر پتھراؤ کیا جب کہ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر سیدھی گولیاں بھی چلائیں جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔

 امریکی فیصلے کے بعد مغربی کنارے کے شہروں الخلیل اور البیرہ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

فلسطین میں سرگرم ہلال احمر کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔ دوسری جانب پاکستان سمیت مختلف ممالک میں امریکی فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں