تاجر برادری کا پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت

11:07 PM, 8 Dec, 2016

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  تاجر برادری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں پی آئی اے کے مسافر طیارہ پی کے 661کے حادثے پر شدید دکھ و افسوس کااظہار کیا جس میں تقریبا 48 افراد جاں بحق ہوئے ۔ انہوں نے جنید جمشید سمیت حادثے میں فوت ہونے والے تمام افراد کیلئے دعائے مغفرت کی اوران کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی آئی اے کے کسی طیارے کا نواں حادثہ ہے جس میں 48افراد ہلاک ہوئے جبکہ اس سے پہلے مختلف سالوں میں ہونے والے پی آئی اے طیاروں کے آٹھ حادثوں میں مجموعی طور پر تقریبا 611افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ تعداد میں پی آئی اے طیاروں کے حادثے قومی ایئر لائن کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھاتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے اس سلسلے میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے پی آئی اے حکام پر زور دیا کہ وہ موجودہ حادثے کی فوری ایک جامع انکوائری کروائے تا کہ حادثے کے اصل محرکات کا پتا چلایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے اپنے طیاروں کے سیفٹی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنائے اور پرانے طیاروں کو تبدیل کرے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثوں سے بچا جا سکے۔

تاجر برادری نے کہا کہ ممتاز مذہبی سکالرجنید جمشید اس قوم کا ایک عظیم سرمایہ تھے کیونکہ وہ قومی و عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان تھے جن کی وفات پر تاجر برادری سمیت پوری قوم سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی تاجر برادری اس قومی سانحہ پر سوگوراخاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی رنج و غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے حادثے کے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں اور دیگر افراد کی کوششوں کا سراہا اور حکومت پر زور دیا کہ وہ شناخت ہونے والی لاشوں کو جلد ان کے لواحقین تک پہنچانے کے فوری انتظامات کرے۔

مزیدخبریں