اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے میجر طفیل محمد شہید کو 66 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے میجر طفیل محمد شہید کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیاتھا۔
اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت کو سلام پیش کرتی ہے، میجر طفیل محمد شہید نے جرات اور بہادری کی مثال رقم کی، پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کا احساس فرض، جرات، بہادری اور ملک کی حفاظت کے عہد کو برقرار رکھنا نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور زخموں کی پرواہ کیے بغیر اپنا مشن پورا کیا۔
پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے جوانوں و افسران کی اس ملک کی حفاظت کیلئے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔صدر مملکتاور وزیراعظم نے میجر طفیل محمد شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔