اسلام آباد : رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی پاکستان تحریک انصاف میں واپسی کی راہ ہموار ہونے لگی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کی برطرفی کے نوٹیفکیشن پر نظرثانی کیلئے آمادگی ظاہر کر دی۔عمرا ن خان کا برطرفی کے معاملے کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ سامنے آ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں شیرافضل مروت کا معاملہ اٹھایا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شیر افضل کی برطرفی کے معاملے کا خود جائزہ لوں گا، مطمئن ہونے پر برطرفی کا نوٹیفکیشن واپس لے لوں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کر دیا گیا تاہم شیر افضل مروت نے نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا تھا۔