بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جرمنی کے مشہور ’برلن بڈی بیئر‘ (جو دنیا بھر میں امن و دوستی کے نام سے شہرت رکھتا ہے) کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔ سابق جی پی او چوک کا نام بدل کر برلن کوئٹہ فرینڈ شپ اسکوائر رکھ دیا گیا۔
جرمن قونصل جنرل برائے کراچی ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کی جانب سےبلوچستان کے دارالحکومت میں برلن کوئٹہ فرینڈ شپ اسکوائر کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر جرمنی کے کوئٹہ میں اعزازی قونصل جنرل مراد علی بلوچ اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ جبار بلوچ بھی موجود تھے۔
جرمنی کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان میر مراد بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ بڈی بیئر 2001 میں متعارف کرایا گیا تھا جو دیوار برلن کے گرنے کے بعد امن اور اتحاد کی علامت بن گیا تھا۔ جرمن حکومت نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کو علامتی تحفہ دے دیا۔
جرمن قونصل جنرل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بڈی بیئر جرمنی کے دارالحکومت برلن اور اس کے رہائشیوں کی ثقافتی علامت ہے۔بڈی بیئر کے کھڑے ہاتھوں کا مطلب ہے کہ تعاون، امن، دوستی، ہم بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی کے بڈی بیئر کے مجسمے دنیا بھر کے مختلف ممالک کے 16 ہزار مقامات اور شہروں میں نصب ہیں جن میں واشنگٹن، ٹوکیو اور پیرس بھی شامل ہیں۔
جرمن قونصل جنرل نےمزید کہا کہ بڈی بیئر کوئٹہ کے مقامی طالب علم اورآرٹسٹ کے ذریعے پینٹ کرایا گیا جس میں ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے پیغام کو اجاگر کیا جو ہم سب کے لیے ایک چیلنج ہے، جس سے سب کو مل کر نمٹنا ہے۔