یوم آزادی پاکستان: نیویارک میں شاہراہ کو 'علامہ اقبال ایونیو' کا نام دےدیا گیا

یوم آزادی پاکستان: نیویارک میں شاہراہ کو 'علامہ اقبال ایونیو' کا نام دےدیا گیا
سورس: File

نیو یارک: امریکہ کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر نیویارک نے پاکستان کے آنے والے یوم آزادی کے اعزاز میں اپنی ایک گلی کو "علامہ اقبال ایونیو" کا نام دے دیا ہے۔

 سفیر مسعود خان کی جانب سے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد  کو گلی کو "علامہ اقبال ایونیو" کا نام رکھنے کی پہل کرنے پر مبارکباد دی گئی۔

نیو یارک میں علامہ اقبال کے نام پر سٹریٹ کے قیام میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک تنظیم “امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ ( اپاگ) کے علی رشید اور ان کے ساتھیوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اپاگ کے علی رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہم نے اپنے قومی شاعر کی حیثیت امریکہ میں بھی منوائی ہے اور 6 اگست کو کوئینز، نیویارک کی ایک سڑک کا نام مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال سے منسوب کر ایا، یہ اہم کامیابی ہے

مسعود خان نے کہا کہ اقبال ایک بین الاقوامی آئیکن اور پاکستانی قومیت کی علامت ہیں۔ انہوں نے ہی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا جو کہ 1947 میں پورا ہوا۔ نیویارک سب سے مشہور شہر ہے اور ہمارے قومی شاعر کے نام پر ایک ایونیو کا نام رکھنا پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط کرے گا اور نہ صرف  نیو یارک سٹی بلکہ پورے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے فخر کا باعث بنے گا۔

انہوں نے راشد کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات استوار کرنے کی پرعزم کوششوں پر بھی خراج تحسین پیش کیا جس سے امریکہ میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا ہوئی۔

یاد رہے کہ علی راشد اور اپاگ ( اے پی اے جی) نے 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے طور پر منانے کے لیے امریکی ایوان نمائندگان میں ایک قرارداد پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق، رچمنڈ ہل، کوئنز، نیویارک میں 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام رکھنا، پاکستان کی بھرپور ثقافتی میراث کا جشن مناتا ہے اور پاکستانی امریکیوں کو اپنی قوم کے ایک اہم ترین رہنما کا اعزاز دینے کی اجازت دیتا ہے۔

اس موقع پر نیو یارک سٹی کونسل کی سپیکر ایڈرین ایڈمز نے کہا کہ جب ہم پاکستان کے یوم آزادی کے قریب پہنچ رہے ہیں تو مجھے خوشی ہے کہ  مجھے 109 ویں سٹریٹ اور 101 ویں ایونیو کو علامہ اقبال ایونیو کے نام سے منسوب کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

علامہ اقبال کے کام اور وژن نے پاکستان کو ایک آزاد ملک کے طور پر تشکیل دیا۔ان کی میراث آج بھی متحرک پاکستانی کمیونٹی میں زندہ ہے جس نے نیویارک شہر کے ثقافتی تانے بانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔

مصنف کے بارے میں