اسلام آباد: سینئر صحافی جاوید چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان میں 5 خرابیاں ہیں اگر وہ ان 5 برائیوں پر قابو پالیں تو دوبارہ وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔
جاوید چودھری نے "روزنامہ ایکسپریس" میں شائع کالم میں لکھا کہ عمران خان کو اگلی ڈیل اگست 2025میں ملے گی ۔ انہیں پورے دو سال انتظار کرنا پڑے گا اور اس وقت بھی اگر میاں شہباز شریف یا بلاول بھٹو کی حکومت ہوئی تو یہ ڈیل بھی نہیں ہو سکے گی۔
سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس وقت صرف ایک لیڈر بچا ہے جس کے ساتھ عمران خان کا اتحاد ہو سکتا ہے اور وہ ہے نواز شریف‘ یہ دونوں وہ لوگ ہیں جن پر اسٹیبلشمنٹ اعتماد کے لیے تیار نہیں باقی سب ’’سولجرز ودآؤٹ یونیفارم‘‘ ہیں اور چیئرمین کے لیے دوسرا آپشن طویل جیل ہے‘ یہ مردوں کی طرح جیل کاٹیں اور لیڈر بن کر باہر آئیں۔
سینئر صحافی نے کہا کہ عمران خان میں پانچ خوف ناک خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے یہ ہمیشہ مار کھا جاتا ہے‘ یہ مردم شناس نہیں ہے‘ یہ ہمیشہ کم زور‘ بزدل اور منافق لوگوں کو اپنے گرد جمع کر لیتا ہے اور اس کا نتیجہ وہی نکلتا ہے جو اس وقت نکل رہا ہے۔
دوسرا یہ ایک ہی وقت میں سب سے جنگ چھیڑ لیتا ہے۔ فواد چوہدری انھیں بار بار سمجھاتا رہا سر ہم نے اگر سیاست دانوں سے لڑنا ہے تو پھر ہمیں اسٹیبلشمنٹ کو ساتھ رکھنا ہوگا اور ہم نے اگر اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا ہے تو پھر ہمیں سیاست دانوں سے بنا کر رکھنی ہو گی‘ ہم سب سے لڑ کر نہیں جیت سکتے اور خان یہ غلطی کرتارہا‘ تیسرا یہ ضعیف العقیدہ ہے‘ یہ چالیس سال سے جنوں‘ بھوتوں ‘ تعویزوں اور پھونکوں میں پھنسا ہوا ہے اور اﷲ کو یہ فعل قطعاً پسند نہیں‘ چوتھا یہ بے تحاشا بولتا ہے۔
یہ روزانہ قوم سے خطاب کرتا ہے اور اوور ایکسپوژر لیڈر شپ کے لیے اتنا ہی خطرناک ہوتا ہے جتنا لوہے کے لیے زنگ اور پانچواں یہ بے وفا انسان ہے‘ یہ کسی کے ساتھ وفا نہیں کرتا‘ لوگوں کو استعمال کرتا ہے اور پھینک دیتا ہے۔
سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ یہ آج اپنی اس خامی کی وجہ سے اکیلا ہو چکا ہے میرا ذاتی خیال ہے یہ اگر اپنی ان خامیوں پر قابو پا لے اور مردوں کی طرح جیل برداشت کر لے تو یہ واپس بھی آئے گا اور ملک کو بدل کر بھی رکھ دے گا۔