اسلام آباد: پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی ہیں اور وہ ہی رہیں گے ۔فرد واحد کوئی فیصلہ نہیں کرے گا جو بھی فیصلہ ہوگا مشاورت سے ہوگا۔جیل میں وکلاء کے ذریعے چیئرمین سے رابطہ ہو گا تو رہنمائی لیتے رہیں گے۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج مئی میں آ چکے تھے لیکن حکومت نے اس وقت مردم شماری کی منظوری نہیں دی۔دو وزرائے منتخب نہیں وہ کیسے اتنے بڑے فیصلے کا حصہ ہوسکتے ہیں؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشاورت سنت بھی ہے، اس میں برکت بھی ہے اور یہ جمہوریت بھی ہے۔ فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہوتے ہیں، جو فیصلہ آیا ہے اسے ہم چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کو معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام سے نکالنا ہے تو واحدحل شفاف انتخابات ہیں۔اداروں ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے کریں۔ اسد عمر پارٹی کا حصہ ہیں اور ان سے مشاورت کی جاتی ہے۔