افتخار درانی اسلام آباد پولیس کی حراست میں نہیں:حکومت

11:32 AM, 8 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے پاکستان تحریک انصاف کے مبینہ طور پر لاپتا رہنما افتخار درانی پولیس کی حراست میں نہیں ہیں۔


افتخار درانی  کی گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس نے عدالتی حکم پر اس کیس پر پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔


اس موقع پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ افتخار درانی اسلام آباد پولیس کی حراست میں نہیں ہیں جبکہ ان کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے متعلقہ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔


افتخار درانی کے وکیل شیر افضل مروت راولپنڈی بینچ میں مصروفیات کے باعث کیس میں پیش نہ ہو سکے جس کے باعث عدالت نے فی الحال اس کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ افتخار درانی کو پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس چند افراد نے مبینہ طور پر اسلام آباد میں واقع ان کے گھر سے اغوا کر لیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ افتخار درانی کا نو مئی کے واقعات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

مزیدخبریں