لاہور:سوشل میڈیا کی ایپ پر لڑکیوں کا اسلحہ کی نمائش کرنے کا رجحان بڑھنے لگا ۔ لاہور میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی فوٹیج سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسلحے کی نمائش اور فائرنگ کرنے والی خاتون کو ملت پارک سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نشتر کالونی کے علاقے کی رہائشی اقصیٰ نامی لڑکی نے اسلحہ پکڑ کر سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے اقصیٰ پسٹل ہاتھ میں پکڑ کر اسلحہ کی نمائش کررہی ہے۔ اقصی نامی لڑکی نشتر کالونی کی رہائشی ہے اور ویڈیو اپنی دوست جو ملت پارک کی رہائشی ہے اسکے گھر بنائی۔
ملزمہ نے سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس کے بعد متعلقہ پولیس نے چھاپہ مار کر خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق خاتون سے پستول اور بلٹ بھی برآمد کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی متعدد بار کئی افراد کی جا نب سے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کے واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن لاہور میں سوشل میڈیا پر کسی خاتون کی جانب سےاسلحے کی نمائش اور فائرنگ کی ویڈیو اپلوڈ کرنے کا پہلا واقعہ ہے۔