اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے آج (منگل) کو پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج کی منظوری کے بعد حلقہ بندیوں کی نئی حد بندی کے لیے ٹائم فریم کا فیصلہ متوقع ہے۔
ڈان نیوز کے مطا بق الیکش کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کمیشن یہ دیکھے گا کہ آیا قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے تین دن قبل 9 اگست کو تحلیل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کی ٹائم لائن کو کم کرنا ممکن ہے۔
یاد رہے کہ ای سی پی کا ایک اہم اجلاس پیر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے ساتھ ہوا جس میں ڈیجیٹل مردم شماری کے سرکاری نتائج کے اعدادوشمار کی روشنی میں لائحہ عمل طے کیا گیا۔
اجلاس میں ای سی پی کے چار ارکان کے علاوہ سیکرٹری ای سی پی، اسپیشل سیکرٹری ای سی پی اور قانونی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ کمیشن نے غور و خوض کے بعد قانونی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ آج (منگل) کو قانون اور آئین کی روشنی میں آگے بڑھنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے۔