پی ٹی آئی ٹرولز کی شہدا کے خلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے، حکومت عمران خان فتنے کو فوری روکے: راجہ ریاض

04:39 PM, 8 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

فیصل آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ عمران خان نے 13 اگست کواسلام آباد میں جلسہ کی کال فتنہ فساد پھیلانے کیلئے دی ہے جس میں وہ پنجاب ا ور کے پی کے سے تمام سرکاری ملازمین اور کارکنان کواسلام آباد اکٹھا کرکے ڈی چوک جانے کی کال دے گا،حکومت فوری اس ضمن میں پیشگی اقدامات یقینی بنائے تاکہ خان کو فتنہ فساد سے روکا جاسکے نیز وہ پی ٹی آئی کے باغی کارکن کی حیثیت سے عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا گھنائونا چہرہ عوام کے سامنے آجانے پراب فوری طور پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کے عہدہ سے استعفیٰ دیں۔

 راجے والا فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں راجہ ریاض نے کہا کہ عثمان بزدار نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا تھا اور ہر قسم کے تقرر و تبادلوں میں پیسے لئے جاتے تھے جبکہ اس کے تمام قریبی عزیز بھی سنگین کرپشن میں برابر کے شریک تھے اور فرح گوگی کے ذریعے بھی بھاری رقوم اکٹھی کی جارہی تھیں لیکن عمران خان نے علم ہونے کے باوجود اس کا کبھی نوٹس نہیں لیا جس پر وہ عمران خان سے اصولی اختلاف کرنے لگے اور بعدازاں جہانگیر ترین گروپ میں چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک جھوٹا و منافق آدمی ہے جس کا ایک چہرہ اسلامی ٹچ والا اور دوسرا پاکستان کو توڑنے والا ہے۔ہ وہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے اورشہدا کی مغفرت و درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہیں جبکہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی اور شہیدوں کے غم میں برابر کی شریک ہے مگرپی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے سوشل میڈیا پراس ضمن میں گھناؤنی حرکت کی گئی جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں .

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپٹ اور جھوٹا آدمی ہے جس نے ملک کے اداروں کو بھی لڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی بلکہ یہ اس ملک کیلئے فتنہ ہے لہٰذانوجوان عمران خان جیسے فتنے سے بچیں۔ عمران خان نے اپنے دور میں 25000 ارب قرض لیا اور کچھ کام نہیں کیا، نہ کوئی میگا پراجیکٹ لگایا، نہ ایک کروڑ نوکریاں دیں، نہ 50 لاکھ گھر بنائے، نہ کوئی موٹر وے بنائی، نہ ہی بجلی و گیس کے بحران کے خاتمہ سمیت مہنگائی میں کمی کیلئے کوئی اقدام اٹھائے۔ ایک طرف قیام پاکستان سے لیکر 2018 تک اتنا قرض لیا گیا جتنا اس نے اپنے تین سالوں میں لیا اور رقوم کی بندر بانٹ کی۔

راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے ساتھی شہزاد اکبر، ندیم بابر، فرح گوگی وغیرہ کروڑوں اربوں روپے لوٹ ملک سے فرار ہوگئے ہیں اسلئے وہ حکومت پاکستان اور ایف آئی اے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انہیں واپس پاکستان لاکر مکمل تحقیقات کریں اور لوٹا گیا پیسہ واپس لیا جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہر قسم کی دھمکیوں، دباؤ اور لالچ کو بالائے طاق رکھ کر آٹھ سال تک فارن فنڈنگ اور عمران خان کی اربوں روپے کی کرپشن کا کیس لڑا اور با لآخر اس میں کامیابی حاصل کی۔باغی رکن کی حیثیت سے اکبر ایس بابر کے ساتھ کھڑے ہیں۔

راجہ ریاض نے کہا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انڈیا، اسرائیل سے پیسے لینے کے جرم میں عمران خان فوری تحریک کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوں۔ عمران خان کے دو چہرے ہیں جن میں سے ایک چہرہ ہاتھ میں تسبیح پکڑ کر اسلامی ٹچ دے رہا ہے لیکن دوسری جانب یہ جھوٹا آدمی قوم اور ملک کو تباہ کررہا ہے جبکہ اس نے کوئی ادارہ نہیں چھوڑا،یہ فتنہ اور فساد ہے جو نوجوانوں کو گمراہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جہانگیر ترین،علیم خان اور اکبر ایس بابر کی طرح ایک ناراض ساتھی کی حیثیت سے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف میں عمران خان کا ایک بڑاگروپ ہے جو اس پر قابض ہے اور عام کارکن کی بات ان تک نہیں پہنچنے دیتا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے مگر عمران خان کو اس کا بہت دکھ ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے پرانہوں نے کہا کہ یہ قانونی فیصلہ ہے اورحکومت آئندہ کی کارروائی کے حوالے سے اپنا رول ادا کر رہی ہے۔ الیکشن کمشنر ایک ایماندار آدمی ہے جو عمران خان کا ہی لگایا ہوا ہے لیکن اب پسند کا فیصلہ نہ آنے پر وہ اس کے خلاف ہوگئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کو گمراہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،عمران خان نے کوئی پاور پلانٹ نہ لگایا، مہنگائی کو فروغ دیا، لوڈ شیڈنگ بڑھا کر معیشت بدحال کردی، ادارے تباہ کئے اور عوام کو صرف لالی پاپ دیتا رہاجو اب ضمنی الیکشن سے فرار کی راہ ڈھونڈھ رہاہے کیونکہ اسے علم ہو گیا ہے کہ قوم اب اس کا اصل چہرہ پہچان گئی ہے اور اسے آئندہ انتخابات میں عبرتناک شکست ہوگی۔

مزیدخبریں