این اے 157 میں مہربانو سے بہتر پی ٹی آئی کے پاس کوئی امیدوار نہیں: شاہ محمود قریشی

03:47 PM, 8 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

ملتان: سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک افواج نے دہشت گردی کیخلاف جو قربانیاں دیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، پاکستان کا جنہوں نے یہ حشر کیا ان کا سیاسی اور قانونی طریقے سے مقابلہ کریں گے ۔میری بیٹی سے بہتر حلقے میں پی ٹی آئی کے پاس کوئی امیدوار نہیں ۔مجبوری میں مہر بانو قریشی کو میدان میں اتارا۔ 

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف واضح ہے ، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کارکنان عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ عمران خان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو ذاتی طور پر بھی جانتے تھے ، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی پاکستان کے نامور سپاہی تھے ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ تمام ممبران نے ایک ساتھ مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا ، استعفوں کی منظوری میں کسی طرح کا امتیازی سلوک نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے ، تاجروں سمیت ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے ۔ حکومت نے بغیر مشاورت تاجروں پر ٹیکس لگایا جسے بعد میں واپس لے لیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے مسئلہ فلسطین پر بلاول بھٹو کا کوئی بیان نہیں آیا ، امید ہے فلسطین کے معاملے پر بلاول بغیر گھبرائے پاکستان کا مؤقف بیان کریں گے ۔

مزیدخبریں