لاہور: ملک بھر میں محرم الحرام عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔ نویں محرم کی مناسبت سے برآمد ہونیوالے جلوسوں کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ جبکہ بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نویں محرم الحرام کے موقع پر لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی ۔ جلوس کے راستوں پر موبائل سگنل بھی ڈاؤن رہیں گے ۔ بڑے شہروں میں نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں ۔
لاہور میں نویں محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا ، اعزادار نوحہ خواں ماتمی جلوس کے ساتھ حدیہ عقیدت پیش کریں گے ۔ مرکزی راستوں پر 1100 سے زائد پولیس اہلکار جلوس کے روٹس پر تعینات کیے گئے ہیں ۔ مرکزی جلوس واپس پانڈو سٹریٹ میں بارہ بجے اختتام پذیر ہوگا ۔
کراچی میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا ، جلوس کی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ رینجرز ، پولیس سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 8 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں ۔
پشاور میں نویں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے ، شہر میں ساڑھے 11 ہزار پولیس اہلکار تعینات ، صدر اور اندورن شہر سیل ، بی آر ٹی سروس معطل جبکہ سرکلر روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔
کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا شبیہ ذولجناح کا جلوس دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر عثمان روڈ سے برآمد ہوگا جو کہ مختصر راستے سے ہوتا ہوا میکانگی روڈ واقع امام بارگاہ ناصر العزء پر اختتام پذیر ہوگا جبکہ جلوس کی گزار گاہ اور اطراف میں واقع دکانوں کو سیل کردیا گیا ہے ۔ جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔