عمران صاحب ! ووٹ چوری ڈرامے سے فرصت ملے تو مہنگائی کی خبر بھی لے لیں: مریم اورنگزیب

03:33 PM, 8 Aug, 2021

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل  میں کہا ہے کہ کیا الیکٹرانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب  کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں ۔انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں؟ وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2018 میں آرٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے عمران صاحب کو الیکٹرانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی ۔عوام کا آٹا چینی دوائی بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے ۔ پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو۔ عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں ۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران صاحب ووٹ چوری کے منصوبے سے فرصت ملے تو اغوا ہوتے صحافیوں پر بھی غور کریں ۔ عوام کو بے روزگار کریں، معیشت تباہ کریں، خارجہ پالیسی پر ناکام رہیں اور پھر ووٹ چوری کریں واہ عمران صاحب ۔۔سیاسی ناقدین، آزادمیڈیا کا گلا دبا کر عمران صاحب شفاف انتخاب کا فراڈ کرنے جارہے ہیں ۔عمران صاحب کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے۔

مزیدخبریں