اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اولمپک دوڑ کی ویڈیو ٹویٹ کر دی ، کہا چاہتا ہوں پاکستان کے نوجوان ریس دیکھیں اور سبق سیکھیں ۔
اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے اولمپک دوڑ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے ، ویڈیو کی ابتدا میں گرنے والی خاتون کو ریس جیتتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ویڈیو میں وہ سبق ہے جو کھیلوں نے مجھے سکھایا ۔ انسان اس وقت ہارتا ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے ۔
میں چاہتا ہوں کہ ہمارے پاکستانی نوجوان یہ دوڑ دیکھیں اور اس میں سے وہ اہم ترین سبق حاصل کریں جو کھیل نے مجھے سکھایا ہے کہ: "آپ ہارتے تبھی ہیں جب آپ کوشش ترک کردیتے ہیں"۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 8, 2021
https://t.co/a7UnCvnwSR
واضح رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس ایک تمغہ بھی جیت نہیں سکے ۔ تمغوں کی دوڑ امریکا کے نام ہوئی جبکہ چین برتری برقرار رکھنے میں ناکام ہوا ، چند گھنٹوں بعد ایونٹ کی اختتامی تقریب ہوگی ۔
امریکا 39 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلے ، چین 38 سونے کے تمغوں کے ساتھ دوسرے جبکہ میزبان جاپان 27 طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔
دُنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے 15ویں روز سب سے زیادہ 34 گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے جس میں سے پانچ امریکی ایتھلیٹس کے ہاتھ لگے ۔ میزبان جاپان کے ایتھلیٹس 2 گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ۔ 27 گولڈ میڈلز کے ساتھ ٹیبل پر اُن کی تیسری پوزیشن برقرار ہے ۔
ٹاپ فائیو ممالک میں برطانیہ نے پھر سے جگہ بنالی ہے ۔ برطانوی ایتھلیٹس 22 سونے اور مجموعی طور پر 65 تمغے حاصل کرکے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔
فٹ بال میں ایک بار پھر برازیل چیمیپن بن گیا ، فائنل میں برازیل نے اسپین کو ہرایا دیا ہے ۔ مردوں کی میراتھن ریس کینیا کے کپچوگی نے جیت لی ۔
واضح رہے کہ رنگا رنگ اختتامی تقریب چند گھنٹوں بعد ہوگی جس میں رنگا رنگ فائر ورکس بھی ہوگا ۔