ریاض: سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے ممالک کے شہری جنہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی ہے وہ جلد عمرے کی سعادت حاصل کر سکیں گے، اس سلسلے میں درخواستوں کی وصولی جلد شروع کر دی جائے گی۔
سعودی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرے کی اجازت دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس میں عازمین کی تعداد میں ہر ماہ بتدریج 60 ہزار کا اضافہ کر دیا جائے گا جسے آہستہ آہستہ 20 لاکھ تک لے جانے کی کوشش کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جو غیر ملکی عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں انھیں اپنی درخواست کیساتھ عالمی وبا سے بچاؤ سے حفاظتی ٹیکوں کا تصدیق شدہ سرٹیفیکٹ لگانا لازمی ہوگا۔
اس کے علاوہ ویکسین لگوانے تمام زائرین کو قرنطینہ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس پابندی کے بعد انھیں ایس او پیز کے تحت اپنے مذہبی عبادات کرنے کی مکمل اجازت ہوگی۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ چینی حفاظتی ٹیکوں سائنو ویک اور سائنو فارم لگوانے والے غیر ملکی شہریوں کو بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخل کی اجازت ہوگی۔