کراچی: پاکستان کے مایہ ناز باؤلر وسیم اکرم جو ان دنوں سیر وتفریح اور کشمیر پریمیئر لیگ کے سلسلے میں نادرن ایریاز میں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ دریائے نیلم پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر کراچی کے باسیوں سے معافی مانگ رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی معذرت میں وسیم اکرم نے کہا کہ میں اس وقت یورپ یا سوئٹزرلینڈ میں نہیں بلکہ اپنے خوبصورت ملک پاکستان میں موجود ہوں۔
لیجنڈ باؤلر نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ میں سمجھتا تھا کراچی کے شہری صفائی کا خیال نہیں رکھتے لیکن میں غلط تھا کیونکہ ہم سب بہت گندے ہیں، اس وقت کراچی والوں سے میری معافی مانگنا بنتی ہے۔
Apologies to people of karachi . It appears we as a nation need to work collectively to make our country clean ,it’s our and only ours responsibility and duty so let’s give it a go . No more excuses. #cleanpakistan pic.twitter.com/Z2BMeKXUcE
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 7, 2021
اپنی ویڈیو میں وسیم اکرم نے اپنے ہاتھ میں موجود کیمرے کا رخ تبدیل کرکے دریائے نیلم پر گندگی کے ڈھیر دکھائے اور افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بات دھیان میں رہے کہ وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکثر اوقات سوشل میڈیا کا سہارا لے کر کراچی کے شہریوں سے اپیل کرتے رہتے ہیں کہ وہ اپنے اردگرد گند نہ پھیلائیں اور صفائی کا خیال رکھیں۔