اسلام آباد: معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل ہی نواز شریف کا آخری ٹھکانا ہے۔ انہیں وہ دوائی نگلنا ہوگی جو عمران خان دے گا۔ گڈ کاپ اور بیڈ کاپ کا ڈرامہ اب مزید نہیں چلے گا۔ دونوں بھائی چور ہیں، انہوں نے ملک کا پیسہ لوٹا، ان کا مقصد ایک ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف بیماری کا جھوٹ بول کر پاکستان سے بھاگے تھے۔ نواز شریف سے رپورٹ مانگی جا رہی ہے،انہیں ڈاکٹر نہیں مل رہا، ان کی بیماری کاعلاج صرف عمران خان ہے۔ پاکستان میں 3 بار وزیراعظم بننے والے نے ملک کو لوٹا۔ نواز شریف کو اپنے کئے کا حساب دینا ہوگا۔
معاون خصوصی شہباز گل عمران خان نے آزاد کشمیر الیکشن جیت کر کہا کہ ان کا اگلا ہدف سندھ ہے، وزیراعظم کے اس اعلان کے بعد پیپلز پارٹی میں بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کو سندھ حکومت نے کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بنا دیا ہے، انہیں معلوم ہے جب عمران خان آ گیا تو لوٹ مار پھر نہیں ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گلے میں رسہ پڑنے والا ہے، 14 سال انہوں نے سندھ کو لوٹا ہے۔ یہ جتنی مرضی لوٹ مار کر لیں انہیں ایک دن حساب دینا ہوگا۔ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے والی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں عمران خان کے آنے سے پہلے جتنی لوٹ مار کرنی ہے کر لیں۔ پیپلز پارٹی کا ڈر اور بھاگنا سب کو نظر آرہا ہے۔ مرتضیٰ وہاب کو ایدمنسٹریٹر کراچی بنا کر لوٹ مار کی اجازت دی گئی۔ موجودہ حکومت میں 2 ہزار ارب سے زائد پیسے پیپلز پارٹی حکومت لے چکی ہے۔ اب ایڈمنسٹریٹر کے نام پر کراچی میں لوٹ مار ہوگی۔