لاہور: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ۔ بالائی اور وسطی پنجاب ، خیبر پختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بھی رات کے وقت تیز ہوائیں چلیں گی اور بارش کا بھی امکان ہے ۔ کراچی ، ٹھٹہ ، بدین اور تھر پارکر میں ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے ۔ بلوچستان کے علاقوں زیارت ، بارکھان اور ژوب میں بھی بارش ہوگی ۔
واضح رہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی رواں مون سون سیزن میں بھی نکاسی آب کے حوالے سے واسا کو مدد فراہم کرے گی ۔ کیمروں کی مدد سے پانی کھڑا ہونے ، کھلے گٹروں اور بند نالوں کی نشاندہی کی جائیگی ۔ بارش میں سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے پانی کی موجودگی کی تصاویر واسا کو فراہم کی جائیں گی ۔
اس حوالے سے سیف سٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واسا نشاندہی پر متعلقہ علاقوں سے نکاسی آب کے انتظامات کرے گی ۔ واسا نمائندگان 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔
حکام نے مزید کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی تمام اداروں کو ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے ۔