اسلام ہمیں دیگر مذاہب کی اقدار کا احترام کرنا سکھاتا ہے: عثمان بزدار

12:03 PM, 8 Aug, 2021

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں دیگر مذاہب کی اقدار کا احترام کرنا سکھاتا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار کی زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ اخوت اور بھائی چارے کے ماحول سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ نے ہمیشہ قوم کی رہنمائی کی ہے ۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی آپ نے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کی ہیں ۔ حکومت علماء کرام کی خدمات کی قدر کرتی ہے ۔ علماء کرام اور مشائخ نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب کو ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنا چاہیے ۔ مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے اور پُرامن فضا کو یقینی بنانے کیلئے سب کو مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔ اخوت و بھائی چارے اور رواداری کی فضا قائم کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ہے ، اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر وطن کا قرض اتار سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی مذمت کی گئی ۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی ، استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔

مزیدخبریں