لاس اینجلس: امریکا کے مشہور میوز ک بینڈ ''کول این گینگ'' کے شریک بانی ڈینس تھامس 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ آنجہانی کا شمار میوزک کی ممتاز شخصیات میں ہوتا تھا، انھیں آلٹو سکس اور فلوٹ سمیت دیگر ساز بجانے میں ملکہ حاصل تھا۔
ڈینس تھامس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آنجہانی ان دنوں نیو جرسی میں اپنے اہلخانہ کیساتھ رہائش پذیر تھے جہاں گزشتہ رات ان کی موت واقع ہو گئی۔ میوزک انڈسٹری سے جڑی شخصیات نے ڈینس تھامس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آنجہانی تھامس ڈینس نے رواں سال جولائی میں اپنی آخری پرفارمنس پیش کی تھی۔ تھامس ڈینس 9 فروری 1951ء کو فلوریڈا میں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے اپنا اوڑھنا بچھونا میوزک کو بنایا ہوا تھا۔ وہ ناصرف میوزک بلکہ اپنے لباس کی وجہ سے بھی بہت مشہور تھے۔
انہوں نے سب سے پہلے 1964ء میں اپنے سات دوستوں کیساتھ مل کر سول اینڈ فنک کے نام سے ایک میوزک بینڈ تشکیل دیا تھا۔
بعد ازاں 1969ء میں انہوں نے کول اینڈ گینگ کے نام سے نیا گروپ تشکیل دیا جس نے شہرت کی بلندیاں حاصل کیں۔
اس میوزک گروپ میں ان کے ہمراہ رانلڈ بیل، رابرٹ بیل، سپائیک میکنز، ریکی ویسٹ فیلڈ، جارج براؤن انڈ چارلس سمتھ شامل تھے۔