امریکا کے بی 52 بمبار طیاروں کی طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری نے تباہی مچا دی

US B-52 bombers, Taliban, hideouts, Afghanistan, Ashraf Ghani, Joe Biden

کابل : امریکا کے بی 52 بمبار طیاروں نے قطر سے آکر افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی ، جس کے باعث بہت زیادہ تباہی ہوئی ۔

روسی میڈیا کے مطابق امریکی طیاروں نے ہرات ، ہلمند اور قندھار میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے طالبان پر حملوں کیلئے بی 52 بمبار طیارے افغانستان بھجوانے کا حکم دیا تھا ۔

دوسری جانب ، افغان طالبان نے صوبہ جوزجان صوبے کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا ہے ۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان نے جوزجان صوبے کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا ، یہ طالبان کے قبضے میں آنے والا دوسرا صوبائی دارالحکومت ہے ۔

مقامی میڈیا کے مطابق شبرغان شہر کے کئی علاقوں میں شدید لڑائی جاری ہے ، طالبان زیادہ تر سرکاری عمارتوں اور شہر کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں ، تاحال حکومت کے زیر کنٹرول ایئر پورٹ کے لیے لڑائی جاری ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کر لیا تھا ۔ نمروز پولیس نے شکوہ کیا تھا کہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے لیے فوج نہیں بھیجی گئی ، نہ ہی پولیس کے تازہ دم دستوں سے مدد کی گئی ۔

افغانستان کے دیگر صوبائی دارالحکومت جہاں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے ان میں مغرب میں ہرات اور جنوب میں لشکر گاہ شامل ہیں ۔