بلوچستان حکومت کا صوبے میں تجارتی سرگرمیاں مکمل بحال کرنے کا اعلان

10:19 PM, 8 Aug, 2020

کوئٹہ: بلوچستان حکومت  نے صوبے میں تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق صوبے میں تجارتی مراکز پر اوقات اور ایک دن تعطیل کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اب بلوچستان میں تجارتی مراکز پورے ہفتے اور 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، گذشتہ روزصوبے میں کورونا کے 14 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11835 ہوگئی ہے جب کہ اب تک مہلک وائرس کے باعث 137 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گذشتہ دنوں  ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کورونا کے حوالے سے صورت حال حوصلہ افزا ہے تاہم ابھی کورونا ختم نہیں ہوا ، شہری احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شادی ہالز کھولنے سے متعلق ابھی ضابطہ کار (ایس اوپیز) تیار نہیں ہوئے، شادی ہالز کھولےگئے تو سخت کارروائی کریں گے جب کہ دوہفتوں بعد صورت حال دیکھ کر تعلیمی ادارےکھولنےکا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں ایس او پیز کے تحت ریسٹورنٹ ،کیفیز، تھیٹرز، سینما ہالز، مزارات، بزنس سینٹر اور ایکسپو سینٹرز 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبریں