کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی. جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے کا پل بہہ گیا۔ خضدار میں دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے، پسنی کے قریب کوسٹل ہائی وے کا پل بہہ گیا، قلات، لسبیلا،آواران اور پنجگور میں بھی ہر طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے،حب کے قریب ریلے میں پھنسے سات سیاحوں کو نکال لیا گیا۔
گوادر کا لسبیلہ اور کراچی سے زمینی رابطہ منقطع کئی گاڑیا ں پھنس گئیں۔ ڈیرہ بگٹی میں مختلف علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔
انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ ڈیرہ بگٹی میں سیلابی ریلے میں سانپ نے ایک شخص کو کاٹ لیا جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سیلابی ریلے میں لوگوں کا سامان اور کھانے پینے کی اشیاء بہہ کر تباہ ہوگئی۔
بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث انتظامیہ نے ماہی گیروں کی گہرے سمندر، برساتی نالوں، سیاحتی مقامات اور نالوں کے قریب شہریوں کی آمدو رفت پر پابندی عائد کردی۔
محکمہ موسمیات نے موجودہ بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا الرٹ جاری کیا ہے ۔ بارشیں قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور، کیچ اور گوادر میں ہونے کا امکان ہے ۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے لئے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔