لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ 16 اگست سے 10 ٹرینیں کھول رہے ہیں، تمام ریل گاڑیوں کے پرانے اسٹاپ ختم کرنے جا رہے ہیں۔ ریلوے کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ایم ایل ون منصوبے کی ایکنک نے منظوری دے دی، اس کے معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے، ایم ایل ون ایشیا کا واحد منصوبہ ہے جس میں آٹو میٹک سگنل سسٹم ہو گا، 30 اگست سے پہلے ایم ایل ون کا ٹینڈر ہو جائے گا اور ایم ایل ون پر تمام کاموں کو بند کر دیا گیا ہے۔
عثمان بزدار کی نیب میں طلبی پر شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن خوفناک جرم ہے اس کی معافی نہیں، میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے، نیب کسی کو اس لئے نہیں بلاتا کہ اسے عہدے سے ہٹایا جائے، نیب کئی لوگوں کو بلا کر چھوڑ بھی دیتا ہے، کوئی بھی آدمی شکایت دے کر کسی کو بھی بلا سکتا ہے۔ عمران خان کو سپریم کورٹ نے دیانت دار کہا ہے تو پھر نیب انہیں کیوں بلوائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کو آٹے اور چینی کی قیمتوں کا پتہ ہے۔ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قیمتوں میں کمی کی جائے، اب گندم اور چینی درآمد کی جا رہی ہے اور اس پر سبسڈی دی جائے گی۔
شیخ شرید نے کہا کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں ، ان تمام افراد کے کیس بہت سنجیدہ ہے، عید سے پہلے کہا تھا کہ عید کے بعد دونوں کو بلایا جائے گا۔ کہاں گئی اپوزیشن کی اے پی سی؟، 14، 15 اگست کو محرم شروع ہوجائے گا، میں ان دنوں میں نئی ٹرینیں نہیں چلارہا اور یہ تحریک چلانے جا رہے ہیں؟ جب ان رات کو سمجھاتے ہیں تو انہیں دن میں سمجھ آجاتا ہے۔ یہ بھی وقت آنا تھا کہ کراچی کے نالے مرکز کو صاف کرنے تھے، یہ کسی بھی حکومت کے لئے اچھی بات نہیں۔