کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ریسٹورینٹس اور شادی ہالز کھولنے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کورونا وائرس ٹاک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیر صحت، سیکرٹری صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی جب کہ سیکرٹری صحت نے صوبے میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ این سی سی کے اجلاس پر سندھ کی صورتحال دیکھ کر اپنی تجاویز دیں گے، ہمیں ویکسین آنے تک کورونا کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا، کل میں شہر کے دورے پر تھا، کسی کو ماسک پہنا نہیں دیکھا، پوچھنے پر بتایا گیا کہ نماز پر گئے تھے، ہمیں لوگوں کے رویوں میں تبدیلی لانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوروناوائرس کے ٹیسٹ پورے ملک میں سب سے زیادہ ہیں، ٹاسک فورس اراکین نے بہترین فیصلے کیے جس سے سندھ کے عوام کو فائدہ ہوا، ہمارے فیصلوں کو دیگر نے فالو کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این سی سی نے 15 ستمبر سے اسکول اور شادی ہالز کھولنے کی تاریخ دی ہے، ہم اسکول ، ریسٹورنٹ، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے لیکن ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور جو بھی خدمات کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہتا ہوں 14 اگست کو مزار قائد پر اسکول کے بچوں کو نہ بلائیں، گورنرکو درخواست کروں گا کہ دونوں مزارقائد پر جاکر پھول رکھیں، ہمیں ایس او پیز پر عمل کرکے دکھانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سروسز دوبارہ کھولیں گے تو نوٹیفکیشن جاری ہوں گے، ریسٹورینٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔