لاہور:پی سی بی نے سینئر کرکٹر محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سنٹرل کنٹریکٹ سے محروم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ سیزن 2019-20 کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق 19 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
گذشتہ سال اس میں 33 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔کیٹیگری اے میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں جبکہ کیٹیگری بی میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق کٹیگری سی میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔نیا سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذ العمل ہوگا۔پی سی بی کے مطابق گزشتہ 12 ماہ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، کارکردگی اور آئندہ سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا سنٹرل کنٹریکٹ جاری کیا گیا ہے۔
محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سنٹرل کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔اعلامیے میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہم نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور پی سی بی نے آئندہ سیزن کے لیے بلند اہداف رکھے ہیں۔
ایم ڈی پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہم نے سنٹرل کنٹریکٹ کے حصول کے لیے معیار بلند کیا ہے اور پراعتماد ہیں کہ اس میں شامل کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے میں مدد دیں گے۔