کراچی میں ہفتے کی دوپہر سے تیز بارش کا امکان

11:52 AM, 8 Aug, 2019

کراچی: بارش برسانے والا سسٹم بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے قریب موجود ہے اور اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں ہفتے کی دوپہر سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کر دی جس کے مطابق سندھ کے کئی علاقوں میں جمعے سے اتوار تک تیز بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ کے شہروں سکھر، لاڑکانہ اور نواب شاہ میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ آئندہ 2 دن میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پشاور، ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور کشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں صبح کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔ شہر میں گزشتہ 3 روز سے موسم گرم اور خشک ہے۔

قلات، خضدار، بارکھان، ژوب اور شیرانی میں مطلع ابر آلود ہے جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں موسم گرم اور مرطوب ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات ڈویژن کے اکثر مقامات پر جبکہ ژوب اور سبی ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 2

مزیدخبریں