کرپشن اسکینڈل، نجیب رزاق پر مزید تین نئی فرد جرم عائد کر دی گئیں

03:47 PM, 8 Aug, 2018

کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن اسکینڈل میں مزید تین نئی فرد جرم عائد کر دی گئیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نجیب رزاق کے خلاف کرپشن اسکینڈل سے متعلق کوالالمپور کی عدالت میں سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعظم پر 3 نئے منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کر دیئے۔ الزامات ثابت ہونے پر ہر ایک الزام پر انہیں 15 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کرپشن اسکینڈل کیس میں ان پر 4 الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا تھا۔

نجیب رزاق پر اپنے دور حکومت میں سرکاری فنڈ سے 10.3 ملین ڈالر کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقلی اور طاقت کے غلط استعمال سمیت 4 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ گزشتہ الزامات ثابت ہونے پر انھیں 20، 20 سال کی قید ہو سکتی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ارجنٹینا کے سابق نائب صدر کو کرپشن کے الزام میں 5 سال 10 ماہ قید کی سزا

رواں برس مئی میں ہونے والے ملائشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی جس کے بعد انہوں نے ملک کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

حلف اٹھانے کےبعد مہاتیر محمد نے اعلان کیا تھا کہ وہ ملک سے لوٹے گئے ملین ڈالرز کو واپس لائیں گے۔

خیال رہے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو ملائیشیا کے اینٹی کرپشن کمیشن نے 3 جولائی کو کوالالمپور میں واقع ان کی ذاتی رہائشگاہ پر چھاپہ مار کر مالی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں