آزاد امیدواروں کو سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے کل تک کی ڈیڈ لائن

03:16 PM, 8 Aug, 2018

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کو سیاسی جماعت میں شمولیت کیلئے کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کے بیان حلفی کا نمونہ جاری کر دیا ہے۔ بیان حلفی اوتھ کمشنر کی مہر کے ساتھ الیکشن کمیشن کو فراہم کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار بغیر کسی دباؤ یا شرط کے سیاسی جماعت میں شمولیت کا بیان حلفی دے۔ سیاسی جماعت کا سربراہ بھی آزاد امیدوار کی پارٹی شمولیت سے متعلق رضامندی کا سرٹیفکیٹ دے۔ بیان حلفی اور پارٹی سرٹیفکیٹ متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر یا ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان پنجاب ہاؤس میں وزیر اعلیٰ کی اینکسی میں رہیں گے، نعیم الحق

خیال رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں جیتنے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 815 امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کے دو حلقوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 26 نتائج روک لیے گئے۔

تحریک انصاف نے نتائج روکنے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتقال اقتدار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: الیکشن میں مبینہ دھاندلی ، گرینڈ اپوزیشن کا احتجاج

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مجموعی طور پر 841 حلقوں پر انتخابات ہوئے جن میں سے 815 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمات کے باعث کچھ حلقوں میں نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں جبکہ کچھ فیصلے سے مشروط کر دیئے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں