تعلیمی اداروں میں 14 اگست سے کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی، عمل درآمد کے لیے 701 ٹیمیں تشکیل

10:17 PM, 8 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پنجاب فوڈ اتھارٹی کی 14اگست سے تمام تعلیمی اداروں میں کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر تے ہوئے پابندی پر سختی سے عمل درآمد کے لیے خصوصی آپریشن ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس ہیڈ آفس میں منعقد ہوا ۔ بورڈ اجلاس کی صدارت چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج نے کی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے شرکاء کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی اور اقدامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بورڈ ممبران نے 14 اگست سے تمام تعلیمی اداروں میں کولا اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی منظوری دی۔بورڈ نے پابندی پر عمل درآمد کروانے کے لیے 701خصوصی آپریشن ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی۔

علاوہ ازیں14 اگست سے 13 ستمبر تک پابندی پرعمل درآمد مہینہ کے طور پر منایا جائے گا اور تمام آپریشن ٹیمیں کولڈ ڈرنکس پر لگائی جانے والی پابندی پر عمل درآمد کروانے کے لیے متحرک رہیں گی۔بورڈ اجلاس میں کولڈ ڈرنکس سے پیدا ہونے والے بچوں کی صحت ، نشوونما اور ہڈیوں کے مسائل پیدا ہونے اور کولڈ ڈرنکس کی مجموعی فروخت کے 27%کا تعلیمی اداروں میں فروخت ہونے کے پیش نظرکولڈ ڈرنکس کی تعلیمی اداروں میں مکمل پابندی پر ہنگامی طور پر عمل درآمد کی سخت ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ اجلاس میں ملاوٹ کے خلاف سپیشل مہمات چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔ گٹکا فری پنجاب کی کامیاب مہم کی طرز پر ملاوٹ کے خلاف سپیشل مہمات چلائی جائیں گی۔تمام مہمات ویجیلنس سیل کی مدد سے چلائی جائیں گی۔ویجیلنس سیل نے اب تک 30 لاکھ پیکٹ گٹکا کے علاوہ 369 جعلی فیکٹریاں سیل کی ہیں۔

گھی، آٹا، نمک کی فورٹی فیکیشن، مطلوبہ صحت مند اجزا شامل کرنے پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں