کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے طارق روڑ میں ڈکیتی کے دوران ایک نجی بینک کے منیجر کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے. اس ضمن میں مراد علی شاہ نے کراچی پولیس کے سربراہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 'کراچی میں دن کی روشنی میں اس طرح کا پرتشدد واقعہ کیسے رونما ہوسکتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس علاقے کی پولیس کے ذمہ دار کہاں تھے اور اب تک انھوں نے اس واقعے کے حوالے سے کیا کام کیا ہے'۔قبل ازیں طارق روڈ کے علاقے میں واقع یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یوبی ایل) کے منیجرعبدالرحیم کو ڈاکووں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
ایس ایس پی شرقی عرفان بلوچ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکووں نے متعلقہ بینک کی طارق روڈ پر واقع شاخ پر دھاوا بول دیا اور کیش کاونٹرسے 4 لاکھ روپے چھین لیے تاہم جب وہ فرار ہو رہے تھے تو بینک منیجر نے مزاحمت کی کوشش کی جس پر ڈاکووں نے ان پر گولیاں چلائیں۔
سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فیروز آباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔سہیل انور سیال نے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی صادر کیے۔