لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے ایس او ایس ویلجز کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا ہے، جنہوں نے بچوں کو محفوظ چھت اور معیاری تعلیم فراہم کی ہے۔ مریم نواز کی ایس او ایس چلڈرن ویلج انٹرنیشنل کے صدر ڈیری جے وردوفا سے ملاقات ہوئی، جس میں یتیم بچوں کے تحفظ، تعلیم اور ذہنی و جسمانی صحت کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پنجاب میں ایس او ایس ماڈل کو مزید فروغ دینے اور اس کی بہتری کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایس او ایس ویلجز کا بچوں کے لیے سماجی خدمات کا کردار بے حد اہم ہے اور اس کے ذریعے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنا قابل تعریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب اس ذمہ داری کو ماں کے جذبے سے نبھا رہی ہے۔ چائلڈ کیئر ریفارمز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں ایس او ایس انٹرنیشنل کا کردار بھی اہم ہوگا۔ صدر ایس او ایس ویلجز نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی چائلڈ کیئر پالیسیز کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی پالیسیز ہر طبقے کے بچوں کے لیے ایک امید کا پیغام ہیں۔