اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور پائیدار معاشی استحکام کے لئے ہمیں اپنے معدنی وسائل کا بھرپور استعمال کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لئے اسلام آباد میں 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں امریکہ، چین، سعودی عرب، روس، فن لینڈ، ترکی اور دیگر ممالک کے وفود شریک ہیں۔
فورم میں شرکاء پاکستان کے کاروباری حلقوں سے ملاقات کریں گے اور مختلف سرمایہ کاری مواقع پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی اس فورم میں شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ایک اعلیٰ سطح کا امریکی وفد، جس کی قیادت ایرک مائر کر رہے ہیں، بھی اس فورم میں شامل ہے۔
اس فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں اور عالمی ادارے بھی پاکستان کی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، اور ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان وسائل کو استعمال کرنے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس سے ملک کے لیے سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔
وزیر تجارت جام کمال نے بھی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں معدنی وسائل کی بھرمار ہے اور پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فورم میں شرکت ہمارے لیے خوش آئند ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے دروازے کھلیں گے۔