ایلیکوڈی : آزاد گھومنے والی بکریاں پکڑیں، اس کے مالک بن جائیں۔ یہ انوکھی سکیم سسلی کے ایولین جزیرے میں متعارف کرائی گئی ہے۔ اٹلی میں مقامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ علاقے میں گھومنے پھرنے والی بکری جس نے پکڑلی وہ اس کی ملکیت ہوگی۔
یہ فیصلہ سسلی کے ایولین جزیرے میں ایلیکوڈی کے میئر ریکارڈو گولو نے جزیرے میں بکریوں کی بڑھتی ہوئی ہوشربا تعداد پر قابو پانے کیلئے کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اطالوی جزیرے ایلیکوڈی میں بکریوں کی تعداد انسانی آبادی سے چھ گنا زائد ہوچکی ہے۔
میئر کا کہنا ہے کہ جو شہری بھی مقامی حکومت کو ایک ای میل کے ذریعے درخواست اور 17 ڈالر کی "سٹامپ فیس” ادا کرتا ہے تو وہ جتنے چاہے مرضی بکرے لے سکتا ہے اور اجازت کے بعد انہیں جزیرے سے باہر بھی لے جاسکتا ہے۔تاہم میئر نے یہ آفر بکریوں کو جزیرے پر ہی رکھنے کیلئے نہیں کی ہے، حکومت کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد سے شہری کو پکڑی گئیں اپنی تمام بکریاں 15 روز کے اندر اندر جزیرے سے باہر بھیجنا ہونگی۔
میئر ریکارڈو گولو کا کہنا تھا کہ یہ پیشکش فی الحال 10 اپریل تک ہے لیکن وہ اس وقت تک توسیع کریں گے جب تک بکری اور بکروں کی آبادی واپس قابلِ انتظام تعداد تک نہیں آجاتی۔جزیرے کے بکریوں کے ریوڑ کی ابتداء تقریباً 20 سال قبل ہوئی تھی، جب انہیں مبینہ طور پر کوئی ایسا شخص ایلیکوڈی لایا تھا جو ان کی افزائش کا ارادہ رکھتا تھا لیکن وہ آوارہ بھٹکتے رہے اور جنگلی بن گئے۔
"آزاد گھومنے والی بکریاں پکڑیں اور اس کے مالک بن جائیں "
05:15 PM, 8 Apr, 2024