بجلی کی چوری کے خاتمے کے لیے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن ، فیلڈ سٹاف کو  چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا

04:40 PM, 8 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:بجلی کی چوری کے خاتمے کے لیے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن  دی گئی ہے، متعلقہ فیلڈ سٹاف کو  چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا۔اس ضمن میں وفاقی وزیربجلی اویس لغاری کی جانب سے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی کی چوری کے خاتمےکے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔

پاور ڈویژن کےاعلامیے کے مطابق وفاقی وزیربجلی نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، انہوں نے بجلی کی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششیں ناکافی قرار دے دیں۔وفاقی وزیرِ بجلی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایس ایز، ایکسیئنز، ایس ڈی اوز اور متعلقہ فیلڈ اسٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹیو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، عدم مطابقت یا متضاد شواہد پر محکمے کے اہلکاروں کے خلاف قانونی اور تادیبی کارروائیاں ہوں گی۔

مزیدخبریں