کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئندہ دو روز کے لیے کراچی میں سکیورٹی سخت اور نگرانی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت شہر کراچی میں امن امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہر لحاظ سے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیہ میں چھاپہ مار کر دو مغویوں کی بازیابی پر پولیس کو شاباش بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اغوا کاروں کا گروپ ملک سے باہر بیٹھ کر کراچی میں اغوا برائے تاوان میں ملوث ہے۔ ایٖڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ ہم نے گروپ کی شناخت کی ہے اور جلد ان کو گرفتار کریں گے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس اس طرح کے بہترین کام کرے گی تو جرائم ختم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پولیس کے سربراہ کو کہا کہ وہ پولیس کو ان کی طرف سے ہمت افزائی کریں، میں خود بھی جلد پولیس اہلکاروں سے ملاقات کروں گا، کراچی پولیس ایک اچھی فورس ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ کراچی میں روزانہ 166 مقدمات ہوتے ہیں جو ملک کے دیگر بڑے شہروں سے کم ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کراچی پولیس بہترین کام کر کے جرائم کا خاتمہ کرے گی۔
' آئندہ دو روز کے لیے کراچی میں سکیورٹی سخت اور نگرانی بڑھائی جائے"،وزیر اعلی سندھ کی ہدایت
03:39 PM, 8 Apr, 2024