اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پربشری بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے پر عمل درآمد کیس میں اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی ہے کہ چیف کمشنر آفس ، جیل حکام اور دیگر فریقین سے رابطہ کرکےعدالت کو آج ہی آگاہ کیا جائے۔
سماعت شروع ہوئی تو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹادی تھی۔۔جس پر وکیل عثمان گل نے کہا کہ ہم نے اسی عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست دی ہے ۔
عدالت نے کہا کہ توہین عدالت کی درخواست فائل کریں،ہم کاروائی کریں گے۔کیسے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیاجاسکتاہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ عید پر ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیاجائے،یہ جیل حکام کے اختیار میں بھی ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کو بلا لیتے ہیں،پھر اس معاملہ کودیکھتے ہیں۔
وقفے کے بعد ایڈوکیٹ جنرل آفس سے اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا ، متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے آج آگاہ کریں ۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر بشری بی بی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہدایت کی اور ایڈوکیٹ جنرل سے چیف کمشنر آفس، جیل حکام اور دیگر فریقین سے رابطہ کر کے رپورٹ طلب کر لی۔