عالمی بینک کی پاکستان میں دو منصوبوں میں مالی معاونت کیلئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی منظوری

10:18 AM, 8 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو جدید معیشت کے فروغ اور سیلاب کی روک تھا م کی صلاحیت میں بہتری لانے کے دو منصوبوں میں مالی معاونت کے لئے چودہ کروڑ ستانوے لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ بات بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی۔ ’ڈیجیٹل اکانومی‘ کے فروغ کے منصوبے کے لئے سات کروڑ اٹھہتر لاکھ ڈالر مختص فنڈز سے مالیاتی نظم و نسق اور فیصلہ سازی کے نظام میں بہتری آئے گی۔

ڈیجیٹل اکانومی اینہانسمنٹ پروجیکٹ سےسرکاری اداروں کی ڈیجٹیلائزیشن کی بدولت اقتصادی کارکردگی میں بہتری، ہم آہنگی ارو شفافیت کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنا معاشی اور سماجی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کے لئے سات کروڑ سترہ لاکھ ڈالر مختص فنڈسے سیلاب کی تباہ کاریوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

اس منصوبے سے نہری نظام کی لچک میں اضافہ ہوگا اور شدید سیلاب اور خشک سالی کے واقعات کے منفی اثرات میں کمی آئے گی۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل تلاش کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والی آفات کے خلاف خود کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں