اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا متفقہ فیصلہ ہے وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آصف کرمانی نے کہا کہ آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ 90 دن میں انتخابات ہوں اور فوری طور پر الیکشن میں نہ جانا بڑی غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ نے 3 رکنی بینچ کے فیصلے پر اعتراضات اٹھائے ہیں اور انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ بہتر ہوتا فل کورٹ بن جاتا۔ اگر فل کورٹ کی جانب سے فیصلہ آتا تو ہمیں کوئی اعتراض نہ ہوتا۔
آصف کرمانی نے کہا کہ اب ہمیں 11 اپریل تک انتظار کرنا چاہیئے۔ معاشرے اور اداروں میں واضح تقسیم نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو ذاتی اختلافات اور انا سے نکل کر ملکی مفادات کا سوچنا ہو گا اور تمام اداروں کو چاہیئے کہ وہ آئین کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ یہاں سنجیدہ سیاست نہیں ہو رہی۔