لاہور:قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل میں کہا کہ عمران نیازی جھوٹ نہ بولیں اور خط عوام کو دکھائیں ۔اقتدار سے چمٹا شخص خوددار نہیں، صرف خودغرض ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اپنے کھوئے ہوئے اقتدار کے غم میں عمران نیازی نے پارلیمنٹ، آئین، عدالت پر حملے کر رہا ہے ۔ عمران نیازی نے کل کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا آج پیشگی اعلان کردیاہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی خط کے معاملے پر جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں، عوام کو بھیڑ بکریاں نہ سمجھیں۔سپریم کورٹ نے تمام شواہد دیکھنے کے بعد ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی قرار د ے کر کالعدم کیا۔
انہوں نے کہا مہنگائی، بے روزگاری، بھوک، افلاس، نفرت پھیلانے والے عوام میںشوق سے جائیں ۔عمران نیازی آرٹی ایس سے اقتدار میں آئے تھے، عوام نے انہیں مسترد کیا تھا ۔پارلیمنٹ، عدالت، حکومت، سیاست میں ہارنے کے بعدذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا اتحادی اور عوام آپ کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کا بوجھ مزید اٹھانے کو تیارنہیں، عمران نیازی آئین کے مطابق عدم اعتماد کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا عمران نیازی کے جھوٹ کا جواب کل پارلیمنٹ ہاوس میں ووٹنگ کی شکل میں دیں گے۔پاکستان کے آئین، پارلیمنٹ اور عوام کو ایک شخص کی ضد، تکبراور دھونس کا یرغمال نہیں بننے دیں گے۔