لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ کےانتخاب کےلئے درخواست دائر

10:36 AM, 8 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: مسلم لیگ (ن)  کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے  پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے اور  وزیراعلیٰ کا انتخاب کروانے کیلئے  لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ اور اعظم نذیر تارڑ نے  وزیراعلیٰ کے لیے نامزد حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست دائر کی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ  اسمبلی اجلاس بلانے اور وزیر اعلیٰ کے فوری انتخاب کا حکم دیا جائے جبکہ  عدالت پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے  کہ  پنجاب میں وزیراعلیٰ کا انتخاب بغیر کسی وجہ کے تاخیر کا شکار ہوا ہے، انتخاب میں تاخیر کی وجہ سے حمزہ  شہباز  متاثرہ فریق ہیں۔آرٹیکل 130 کے تحت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی  درخواست میں اسپیکر پنجاب اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر اور آئی جی پولیس کو فریق بنایا ہے۔مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا عہدہ یکم اپریل سے خالی ہے، سیکرٹری صوبائی اسمبلی اور انتظامی افسران سپیکر پرویز الٰہی کے غیر قانونی احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب ایم پی ایز کو صوبائی اسمبلی میں داخل ہونے دینے میں ناکام رہے۔

مزیدخبریں