سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سکیورٹی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے آج پھر مزید تین نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض اور ظالم بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ریاستی دہشتگردی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور نام نہاد آپریشن کے دوران مزید تین نوجوانوں کو شہید کر دیا، یہ آپریشن ضلع کے جان محلہ کے علاقے میں کیا گیا۔
اس حملے کے دوران دوقابض بھارتی فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کے مسلط کردہ فوجی محاصرے کو چھ سو سے زائد دن گزر گئے لیکن مودی کی بے لگام فورسز کے مظالم اب تک نہیں رکے ۔اب تک 7 خواتین سمیت 323 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر جعلی پولیس مقابلوں میں شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کردہ اعدوشمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مختلف مظاہروں میں ایک ہزار 753 افراد کو شدید زخمی کیا جا چکا ہے جبکہ 14 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس عرصے کے دوران ایک ہزار سے زائد کشمیریوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ جنگ زدہ خطہ ہے جہاں کشمیری دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک عرصے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو آئین کے تحت دی گئی اس خصوصی حیثیت، ایک جھنڈا اور اپنے قوانین بنانے کا حق واپس لینا چاہتے تھے جو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کو دی گئی تھی۔