کراچی: سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمحمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے تھے کہ ان کے پاس معاشی ٹیم ہے جو معیشت کو نیچے سے اوپر لے کر جائے گی لیکن 3 سال میں 3 بار وزیر خزانہ تبدیل کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق محمد زبیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں وزیرخزانہ کون ہے اس کا کسی کو پتہ نہیں، بجٹ آنے والا ہے اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام میں جانا ہے جبکہ معیشت تباہ حال ہے اور وزیراعظم کو کچھ عرصے بعد معاشی ٹیم کو تبدیل کرناپڑتاہے۔
محمد زبیر کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے سب سے زیادہ اہمیت کی حامل معیشت،مہنگائی اوربیروزگاری ہے، عام آدمی جب آٹا،دال خریدنے جاتا ہے تو اس کو معیشت کاپتہ چل جاتا ہے، ہرمہینے معیشت کے مختلف اہداف آتے ہیں مگر وزیراعظم اور وزراءایسی باتیں کرتے ہیں جن پرہنسی آتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءکا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزراءایسی باتیں کرتے ہیں کہ لگتا ہی نہیں پاکستان کی بات کر رہے ہیں، عوام کو معیشت کیلئے ورلڈبینک،آئی ایم ایف رپورٹ یاحماد اظہر کے بیان کی ضرورت نہیں، وہ آٹا، دال خریدنے جاتا ہے تو اس کو معیشت کا پتہ چل جاتا ہے۔