اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جمع شدہ دستاویزات جعلی ہیں، سٹیٹ بینک سے تصدیق شدہ دستاویزات دکھائی جائیں جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی سکروٹنی کمیٹی نے دونوں فریقین کو 19 اپریل کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی سکرونٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کے جمع جوابات کا جائزہ لینے کیلئے دستاویزات پیش کی گئیں۔ اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی دستاویزات پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ بینک سے تصدیق شدہ دستاویزات دکھائی جائیں، یہ دستاویزات قابل قبول نہیں ہیں۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ آج کمیٹی نے پی ٹی آئی کی جو دستاویزات دکھائیں، ہم ان کو مسترد کرتے ہیں، وزیراعظم نے اچانک انتخابی اصلاحات پر بات چیت شروع کر دی ہے، خدشہ ہے کہ یہ الیکشن ریفارمز کی بات کرکے سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کو خفیہ رکھنے کا جواز تلاش کریں گے۔
غیر ملکی فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی جمع شدہ دستاویزات جعلی ہیں: اکبر ایس بابر
10:15 PM, 8 Apr, 2021