دبئی میں رمضان کے دوران نماز کی ادائیگی کاخصوصی ہدایت نامہ جاری

08:20 PM, 8 Apr, 2021

دبئی ، رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کردیں ۔دبئی حکومت کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہری رمضان المبارک کے دوران دیگر نمازوں کی طرح عشا اور  تراویح کی نماز  مساجد میں ادا کر سکتے ہیں تاہم انہیں کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے ماسک کا استعمال اور  سماجی فاصلہ لازمی اختیار کرنا ہو گا۔

خصوصی ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو جائے نماز ساتھ لانا ہو گی اور  مساجد میں کوئی مصافحہ کرے گا نا ہی سماجی فاصلے کے کسی بھی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرے گا۔ اس کے ساتھ نمازیوں کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ مساجد میں لگائے گئے نشانات پر ہی نماز ادا کریں۔

دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت اور  ان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور  رمضان المبارک کے دوران مساجد کو تواتر کے ساتھ سیناٹائز  بھی کیا جاتا رہے گا۔

ہدایت نامے کے مطابق مساجد اذان کے وقت سے فرض نماز کی ادائیگی تک کھلیں گی۔نماز عشا اور تراویح کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت ہو گا اور عشا کی جماعت اذان کے 5 منٹ بعد کھڑی ہو گی۔مساجد فرض نماز کی ادائیگی کے فوری بعد بند کر دی جائیں گی اور مساجد میں دوسری مرتبہ جماعت کروانے پر پابندی ہو گی۔مساجد میں کھانے پینے کی اشیاء اور فیس ماسک کی تقیسم پر پابندی ہو گی۔کسی دائمی بیماری میں مبتلا افراد یا ایسے افراد جن کی قوت مدافعت کمزور ہے وہ مساجد اور  رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے سخت چیکنگ کی جائے گی اور خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں