کراچی: اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے معروف موبائل گیم ’پب جی‘ پر دوستی کے بعد گھر سے فرار اور شادی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے راولپنڈی کے لڑکے اور کراچی کی لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کا رہائشی شیراز نامی لڑکے کی آن لائن گیم پب جی میں کراچی کی لڑکی شفاءسے دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی، دونوں نے بھاگ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لڑکا، لڑکی اور ان کی معاونت کرنے والے شخص کو بھی ریلوے سٹیشن سے گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی عبداللہ احمد نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ لڑکی اور ملزمان گزشتہ 3ماہ سے آن لائن گیم پب جی کھیل رہے تھے، گرفتار ملزم شیراز کی 17 سالہ شفاءسے گیم کے دوران ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہو گئی اور دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے، لڑکی کے والد نے شفاءکے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا جس پر پولیس نے شک کی بنیاد پر کراچی کے کینٹ ریلوے سٹیشن پرکارروائی کی ۔
ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران شیراز اور شفاءکو گرفتار کرنے کیساتھ ساتھ معاونت فراہم کرنے پر شیراز کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی عبداللہ احمد نے کہا کہ شفاءکے والد نے ملزم کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا ہے اور لڑکی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پب جی گیم کھیلنے والا پنڈی کا لڑکا اور کراچی کی لڑکی محبت کر بیٹھے، پولیس نے گرفتار کر لیا مگر کیوں؟
08:01 PM, 8 Apr, 2021